خاکی وردی کی اشیرباد بغیر پی ٹی آئی حالت نزع میں آجائے گی

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ اے این پی ظلم کی سیاہ رات کے خاتمے کیلئے اپنی آئینی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی اور آج کے دور میں درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے پختونوں کو اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہو گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماشو خیل بڈھ بیر میں پارٹی کے شہید رہنما میاں مشتاق اور ان کے دیگر ساتھیوں گل رحمان کاکا اور ندیم احمد کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ، اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی خوشدل خان ایڈوکیٹ، ضلع پشاور کے صدر ملک نسیم خان اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ خاکی وردی کی اشیرباد کے بغیر عمران خان کا کوئی مستقبل نہیں جس دن وردی والے ہٹ گئے پی ٹی آئی نزع کی حالت میں آ جائے گی،انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہمارے خلاف ہمیشہ سے سازشیں ہوتی رہی ہیں اور گزشتہ الیکشن میں بھی اے این پی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر عمران خان کو وزارت عظمیٰ تک پہنچایا گیا، میاں افتخار حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی کرپٹ مافیا کا ٹولہ ہے اور یہ صرف اس وقت تک محفوظ ہیں جب تک ان کے پیچھے وردی ہے،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو ڈرانے اور دیوار سے لگانے کیلئے جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے لیکن جس دن اسٹیبلشمنٹ کا موڈ خراب ہوا تو عمران بھی سلاخوں کے پیچھے ہو گا اور اس دن اس کا کوئی نام لیوا باقی نہیں رہے گا،انہوں نے کہا کہ ملک تباہی کے دہانے پر ہے معاشی پالیسی ناکام ہو چکی ہے ، وزیر خزانہ الیکشن سے قبل عوام سے جھوٹ بولتے رہے ،خارجہ پالیسی نہ ہونے کے باعث پروسی ممالک ناراض ہو چکے ہیں جبکہ نیازی نے صرف بھیک مانگنے کو وطیرہ بنا رکھا ہے،میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ جھوٹ اور فریب پر مبنی دعوے کرنے والے آئی ایم ایف کی گود میں بیٹھ گئے جس سے ملک پر روزانہ 15ارب کا قرضہ چڑھتا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ نیب یر غمال ہو چکا ہے اور وہ کسی طور آزاد اور منصفانہ فیصلے نہیں کر سکتا، انہوں نے کہا کہ نیب کی ڈیوٹی صرف یہ ہے کہ عمران نیازی کے مخالفین کو راستے سے ہٹائے ،انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف پوری قوم کو اکٹھا ہو نا ہو گا جبکہ ظلم کا ساتھ دینے والوں سے قوم خود حساب لے گی ،انہوں نے شہید میاں مشتاق کی ہمت بہادری اور شجاعت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور پارٹی کیلئے ان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، میاں افتخار حسین نے کہا کہ باچا خان کے پیروکاروں نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور ان کے خلاف کام کرنے والے ہمیشہ نیست و نابود ہوئے ہیں۔

Facebook Comments