Sept. 2012

 

جمعرات27ستمبر2012ء
پشاور ( پ ر ) افغانستان کے سابق صدر شہید ڈاکٹر نجیب ا للہ کی برسی عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختو نخوا کے زیر اہتمام باچا خان مرکز پشاور میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی ،تقریب کی صدارت سٹی ڈسٹرکٹ کے صدر نیاز مہمند نے کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سٹی ڈسٹرکٹ کے ملک نسیم نے ادا کئے ، اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات میاں افتخار حسین ، مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری تاج الدین خان ، صوبائی جنرل سیکرٹری ارباب محمد طاہر خان خلیل ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات ملک غلام مصطفی ،صوبائی نائب صدر میاں مشتاق، صوبائی سالار عمران آفریدی ، اے این پی کی خاتون صوبائی رہنما ظاہرہ بی بی خٹک، پختون ایس ایف کے صدر بشیر شیرپاؤ ، صوبائی جائنٹ سیکرٹری یاسمین ضیاء ایم پی اے، منورہ فرمان ، مسرت شفیع ، یاسمین پیر محمد خان ، تبسم یونس ، سمیت سٹی ڈسٹرکٹ و ڈسٹرکٹ کے عہدیداروں ،پختون ایس ایف اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا کہ ڈاکٹر نجیب اللہ باچا خان  کے پیروکار اور ان کی سوچ وفکر کے ساتھی تھے ، اور انہوں نے امن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ثابت کیا ہے کہ چاہے حالات کیسے بھی ہوں پختون اپنی مٹی سے پیار کرتا ہے او کسی صورت اپنی سرزمین کو چھوڑنے پر تیار نہیں ہوتا ،انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بھی ڈاکٹر نجیب اللہ کی جان کی حفاظت میں ناکام رہا اور ڈاکٹر نجیب اللہ نے افغانستان میں امن کی خاطر اقتدار کو خیر باد کہہ دیا لیکن بدقسمتی سے ان کے بعد گزشتہ 30سال سے افغانستان مین کوئی بھی حکمران امن قائم نہ کر سکا ، جبکہ دہشت گردی نے افغانستان کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باچا خان کے پیروکاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ،میاں افتخار حسین نے کہا کہ پاکستان میں امن افغانستان میں امن سے مشروط ہے ،اور جب تک وہاں امن قائم نہیں ہو تا پاکستام مین امن کا قیام ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوتا اور ہم سمجھتے ہیں کہ اچھے طالبان اور برے طالبان کی نئی اصطلاح پیدا کی جارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہتھیار نہ پھینکنے والے ، حکومتی رٹ تسلیم نہ کرنے والے بے گناہ لوگوں کا قتل عام کرنے والے اور مساجد و امام بارگاہوں پر حملے کرنے والوں مین سے اچھے اور برے کی تمیز کرنا عجیب بات ہوگی،انہوں نے کہا کہ ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے خطرہ بننے والوں کا قلع قمع ضروری ہے ورنہ کچھ بھی باقی نہیں رہے گا ، انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ اور یورپین ممالک اپنے ہان امن چاہتے ہیں تو انہیں پاکستان اور افغانستان میں بھی امن کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،اجلاس سے تاج الدین خان ، ارباب محمد طاہر خان ،ملک غلام مصطفی ، ظاہرہ خٹک ، میاں مشتاق اور بشیر شیرپاو نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر نجیب کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن شہید امن ڈاکٹر نجیب کی یاد میں منایا جارہا ہے ،انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نجیب 16سال پہلے جس سفاکانہ انداز میں شہید کئے گئے وہ دہشت گردوں کے ماتھے پر کلنگ کا ٹیکہ ہے ،جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بھی انہیں تحفظ دینے میں ناکام رہا تھا تاہم ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ شہید اس دنیا سے صرف جسمانی طور پر رخصت ہوتے ہیں جبکہ وہ لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں ۔

اتوار 23ستمبر2012ء
پشاور( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے قائمقام مرکزی صدر سینیٹر حاجی محمد عدیل نے کہا ہے کہ قرآن پاک کو جلانے کی ناپاک جسارت کرنے والوں اور نبی آخر الزماں کی شان میں فلم مضامین اور تصاویر کے ذریعے گستاخی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے ، مرکزی میڈیا سیل باچا خان  مرکز پشاور سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ایک قوم پرست ، جمہوری اور مذہبی رواداری پر یقین رکھنے والی جماعت ہے تاہم پارٹی کارکنوں کی اکثریت مسلمان ہے اور ان کے جذبات بھی گستاخانہ فلم بنانے والوں کے خلاف دنیا کے تمام مسلمانوں جیسے ہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ اے این پی نے جمعہ کے دن یوم عشق رسول کے موقع پر ہونے والی ہڑتال میں بھرپور اور پرامن طریقے سے حصہ لیا ،سینیٹر حاجی محمد عدیل نے کہا کہ جس طرح امریکہ اپنے قومی ملزموں کو دنیا بھر میں تلاش کرنے اور سزا دینے کا حق اور اختیار رکھتا ہے اسی طرح مسلمان حکومتوں کو بھی یہ حق ملنا چاہئے کہ وہ اپنی مقدس ترین ہستیوں کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو اپنی عدالتوں میں سزا دیں اور امریکہ اس سلسلے میں مسلمان حکومتوں کی اسی طرح مدد کرے جس طرح وہ اپنے مطلوب دہشت گرد مجرموں کے خلاف دوسری حکومتوں سے مدد طلب کرتا ہے ، انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ مسلمانوں کی مقدس ہستیوں اور مذہبی قائدین کی شان میں گستاخی کرنے پر سزا لازمی قرار دینے سے متعلق کوئی قانون سازی کرنے میں ناکام رہا تو خصوصاََ مسلم دنیا کے حکمران اور عموماََ تمام دنیا کے مسلمان یقینی طور پر ایسے اقدامات کرنے مین حق بجانب ہونگے جن میں ایسے مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے انہوں نے مزید کہا کہ اسکے ساتھ ساتھ عوامی نیشنل پارٹی اس ضمن میں کسی خلاف قانون تنظیم یا گروہ کی مدد حاصل کرنے پر یقین نہیں رکھتی جو بذات خود ہزاروں بے قصور مسلمانوں کے قتل میں ملوث ہوں اور خود کش دھماکوں کے ذریعے ان کے ہاتھ بے گناہ اور معصوم بچوں ، عورتوں اور بوڑھوں کے خون سے رنگے ہوں ،سینیٹر حاجی محمد عدیل نے گزشتہ روز عوامی نیشنل پارٹی کے وفاقی وزیر ریلوے حا جی غلام احمد بلورکی طرف سے کی گئی پریس کانفرنس کے بارے میں کہا کہ وہ ان کی ذاتی رائے تھی پارٹی ان کے خیالات سے اتفاق نہین رکھتی جبکہ اس سلسلے میں پارٹی کی جانب سے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر زاہد خان گزشتہ روز ہی تردیدکر چکے ہیں۔

مورخہ21 ستمبر2012

عوامی نیشنل پارٹی کے زیراہتمام باچا خان مرکز پشاور میں رسول پاک  کی شان میں گستاخی کے خلاف ایک مذمتی اجلاس صوبائی جنرل سیکرٹری ارباب محمد طاہر خان خلیل کی زیر صدارت منعقد کیاگیا ۔ اجلاس میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پیغمر  کی شان میں گستاخی پر تمام مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے اور ہم اے این پی کیطرف سے اس حرکت کی پُر زور مذمت کرتے ہیں۔
اجلاس میں ایک قرارداد منظور کی گئی کہ ان گستاخِ رسول کو قرار واقعی سزادی جائے۔ اورتمام ممالک سے مطالبہ کیا گیا کہ کہ مستقل قانون سازی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی کو اس قسم کی منحوس حرکت کی جرأت نہ ہو سکے۔
اجلاس میں یہ قرارداد بھی پاس کی گئی کہ ہمارے صوبے میں جن ذاتی اور قومی املاک کو نقصان پہنچایا گیا ان کی پُر زور مذمت کرتے ہیں۔
اجلاس میں شہید ہونے والے اے آر وائی کے صحافی ، پولیس اور دیگر کے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی فوری صحت یابی کیلئے دعا کی گئی جبکہ شہید ہونے والے اے آر وائی کے صحافی محمد عامر کیلئے مالی امداد کا اعلان بھی کیا ہے۔
اجلاس سے صوبائی وزیر تعلیم سردار حسین بابک ، ایم پی اے اورنگزیب خان ، نیاز مومند اور سرتاج خان نے بھی خطاب کیا۔

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی اطلاعات ملک غلام مصطفی نے کہا ہے کہ اے این پی یوم عشق رسولؐ پر ہونے والی ہڑتال کے دوران ملک بھر میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کی پرزور مذمت کرتی ہے اورمطالبہ کرتی ہے کہ امریکہ اور اقوام متحدہ حضور پاک  کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو سزا دلانے میں اپنا کردار ادا کریں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز پشاور میں سٹی ڈسٹرکٹ کے اقلیتی سیکرٹری ارگسٹن جیکب کی زیر قیادت مسیحی برادری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،وفد کے دیگر ارکان میں مورس ‘ وکٹر صادق ‘ ارگسٹن جیکب ‘ عابدہ ‘ ریحانہ ‘ شوکت پرویز ‘ ولیم اختر اور ندیم جیمز بھی شامل تھے ،ملاقات کے دوران وفد نے مردان میں شرپسندوں کے ہاتھوں چرچ پر حملے اور اسے نذر آتش کرنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو بے نقاب کر کے چرچ کی دوبارہ تعمیر کرائی جائے ،ملک غلام مصطفی نے مسیحی برادری کے لیڈر وں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات صوبائی حکومت تک پہنچائے جائیں گے ‘ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں شرپسند عناصر نے توڑ پھوڑ کی اور بے گناہ لوگوں کی جانیں لیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ عاشقانِ رسول اور حضور کے پیروکاروں کو ایسی حرکات زیب نہیں دیتیں اور نہ ہی حضور  کی تعلیمات سے ایسا کوئی سبق ملتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حضور کی شان میں گستاخی کرنے والے گستاخ رسول کو سزا دلانے کے لئے پاکستان میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں جبکہ مسیحی برادری نے اس احتجاج میں شرکت کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والوں کی شدید مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر احتجاج کر کے دنیا کو یہ پیغام دینا تھا کہ ہم تحفظ ناموس رسالت پر متحد ہیں اور کسی شخص کو پیغمبر  کی شان میں گستاخی کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ، انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اقوام متحدہ گستاخ رسولؐ کو سزا دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں بصورت دیگر دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمان کسی صورت چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

ہفتہ22ستمبر2012ء
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفندیار ولی خان ‘ صوبائی صدر سینیٹر افراسیاب خٹک ‘ صوبائی جنرل سیکرٹری ارباب طاہر خان خلیل ‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات ملک غلام مصطفی نے سینیٹر باز محمد خان کی صاحبزادی انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ مرکزی میڈیا سیل باچا خان  مرکز پشاور سے جاری اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی سینیٹر باز محمد خان کے اس دکھ میں برابر کی شریک ہے اور وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں ،پارٹی قائدین نے مرحومہ کی مغفرت اور بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔

پشاور20ستمبر2012


چارسدہ، عوامی نیشنل پارٹی کے مر کزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ با چا خان کے فروغ تعلیم کے ویژن پر عمل پیرا ہو تے ہوئے صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کا جال بچھایا گیا ہے۔ تاکہ
پختون قوم تر قی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو کر ملک کی ترقی میں کلیدی کر دارادا کر سکے۔ ا ے این پی کے اپنے بزرگوں کے خواب پورا کر کے پختونوں کے حقوق کی حصول کی جنگ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اوروہ آئندہ بر سر اقتدار آکر خیبر پختونخواہ کے ہر ضلعے میں یونیورسٹیاں قائم کر کے پختون قوم کے بچوں کو تعلیم سے روشناس کر ائے گی۔ اٹھا رویں ترمیم کے ذریعے پختونوں کو ان کے حقوق پر اپنا اختیار مل گیا۔آنے والے انتخابات میں لالٹین کے نشان پر کا میابی ہماری ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے با چا خان یونیورسٹی چارسدہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ تقریب سے صوبائی وزیر اعلیٰ امیرحیدر خان ہو تی ، وائس چانسلر با چا خان یونیورسٹی ڈاکٹر فضل رحیم مر وت نے بھی خطاب کیا جبکہ اس مو قع پر اے این پی کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان صوبائی صدر سینیٹر افراسیاب خٹک ، سینیٹر ز ، صوبائی وزراء ، اراکین اسمبلی ، اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان اور دیگر بھی مو جو د تھے۔۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں معلوم تھا کہ اس صوبے اور ہشتنگر کے عوام کو ہر دور میں حکمرانوں نے قصداً نظر انداز کر کے انہیں پسماندہ رکھا گیا۔ اس لئے ہم نے اس پر توجہ دے کر ان کی محرومیوں کا ازالہ کیا۔ علاقہ ہشتنگر چارسدہ قومی تحریک کا مرکز رہا۔ اس لئے ہم چارسدہ کو وہ مقام دلا دینگے جو پہلے پشکلاوتی کو حاصل تھا۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی کی حکومت نے اپنے دور اقتدار میں چارسدہ سمیت پورے صوبے میں تعلیم کی مد میں وہ کام کیاہے جو کہ ساٹھ سال میں نہیں ہوا۔اسکے علاوہ معیشت کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لئے سڑکوں کا جال بچھایا تاکہ لو گوں کو آ مد و رفت میں آسانی کے علاوہ روزگا ر کے مواقع مل سکیں۔

انھوں نے کہا کہ باچا خان نے سماجی تحریک کا آغاز کیا تھا لیکن حکمرانوں کے مظالم نے تحریک کو خود بخود سیاسی تحریک میں بدل دیا۔باچا خان نے تعلیم کو عام کرنے کی غرض سے آزاد سکولوں کا قیام عمل میں لاکر اس میں اپنے بچوں کو بھی داخل کرایا۔تاکہ لوگ اس میں بچوں کو داخل کر کے تعلیم کو عام کر سکیں۔ انھوں نے کہا کہ چارسدہ این اے سات کے قومی اسمبلی ممبر کی حیثیت سے علاقے کو تر قی کی راہ پر گامز ن کرنا انکی اولین تر جیح ہے۔ انھوں نے آفتاب شیرپاؤ پر کڑی تنقید کر تے ہوئے کہا کہ آفتاب شیر پاؤ نے اپنے دور اقتدار میں بجلی کے حالص منا فع کو چھ ارب روپے پرکیپ کر کے صوبے کے عوام کے ساتھ زیادتی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے صوبے کو شناخت دی اور 18 ویں ترمیم کے تحت حاصل کر دہ صوبائی خو د مختیاری کی بدولت صوبے کا بجٹ 28 ارب روپے سے بڑھ کر 95ارب تک پہنچادیا ۔ جس میں بتدریج اضافہ ہو گا اوراس سے صوبے کے عوام مستفید ہو نگے ۔

انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کیلئے علم کافروغ ناگزیرہے۔انہوں نے اے این پی کے خلاف بعض مخالفین کے منفی پروپیگنڈا کو مستر د کر تے ہوئے کہا کہ اپنی بہترین پا لیسوں کے بدولت اے این پی کا گراف بلند ہو ا ہے جس کی واضح مثال مردان ، بونیر ، پشاور اور سوات کے ضمنی الیکشن ہیں جہاں اے این پی کے ممبر ان نے کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل ہم نے واضح طور پر کہا تھا۔ کہ دہشت گردی کی لہر وزیر ستان سے ہو کر شہری علاقوں تک پھیلے گی ۔ پختون قوم اس کا اتفاق و اتحاد سے اسکا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گر د ہمارے سکولوں کو تباہ کرکے پختون قوم کوپیچھے دھکیل رہے ہیں تاہم قوم سے میرا وعدہ ہے کہ ہر تباہ شدہ سکول کو دوبارہ تعمیر کر کے اپنے بچوں کے مستقبل کوہرقیمت پر محفوظ بنائیں گے۔

بدھ9 1ستمبر 2012 ء
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدراسفندیارولی خان کی زیرصدارت عوامی نیشنل پارٹی کاایک اعلیٰ سطحی اجلاس پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا‘جس میں عوامی نیشنل پارٹی پختونخوا کے صوبائی صدرسینیٹرافراسیاب خٹک‘وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی ‘صوبائی سینئروزیراورخیبرپختونخوااسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈربشیراحمدبلور‘مرکزی ایڈیشنل سیکرٹر ی جنرل تاج الدین خان ،سینئرصوبائی نائب صدرسینیٹربازمحمدخان ،صوبائی جنرل سیکرٹری ارباب محمد طاہر‘ وزیراطلاعات و تعلقا ت عامہ میاں افتخارحسین ا وروزیراعلیٰ پختونخوا کے معاون خصوصی سیدمعصوم شاہ باچا نے شرکت کی ‘اس موقع پر خطے و ملکی صورتحا ل ‘ تنظیمی امور اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر غور و غوض کیا گیا ‘اجلاس میں ملعون امریکی یہودیوں کی جانب سے شان رسالت ؐ میں گستاخی اورتوہین آمیز فلم بنانے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی اورمطالبہ کیاگیاکہ جن لوگوں نے یہ حرکت کی ہے ان کو گرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی دوبارہ ایسی شرمناک حرکت کرنے کی جرئت نہ کرسکے ۔حضورکی شان اقدس کی بے حرمتی سے پوری دنیاکے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے ‘کوئی بھی مسلمان پیارے نبی کی شان میں گستاخی ہرگزبرداشت نہیں کرسکتا‘اجلاس میں متعلقہ ملکوں پربھی زوردیاگیاکہ وہ اس قسم کی حرکات کاسختی سے تدارک کریں ‘اجلاس میں وزیراعلیٰ امیرحیدرخان ہوتی نے صوبے کی مجموعی صورتحال خصوصاًترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے پارٹی کے مرکزی صدراسفندیار ولی خان کوتفصیلی رپورٹ پیش کی۔

کراچی۔ منگل 18ستمبر2012ء
عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے پختون ایس ایف کے سابقہ مرکزی رہنماء اور عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے سابقہ صوبائی صدر و کلچرل سیکریٹری اور موجودہ سندھ کونسل کے ممبر معین خان (غم پہ سر) کی پاک کالونی میں ٹارگٹ کلنگ میں شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معین خ

ان (غم پہ سر) کی شہادت پارٹی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ کا تسلسل ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے معین خان (غم پہ سر) ایک طویل عرصے عوامی نیشنل پارٹی سے وابستہ رہے ہیں وہ باچا خان بابا کے سچے پیروکار اور اسفند یار ولی خان کے سپاہی تھے ان کی شہادت ہمارے لیے ناقابل فراموش المیہ ہے اس المناک گھڑی میں پوری پارٹی ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے کارکنان پر امن رہیں۔ معین خان (غم پہ سر) کی خدمات ناقابل فرا موش ہے ہم حکومت سندھ اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ معین خان (غم پہ پسر)کے قاتلوں کو فوری طور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں اے این پی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ) کے چیئر مین سینیٹر شاہی سید نے گزشتہ رات نارتھ ناظم آباد میں لیاقت آباد ٹاؤن کے سابقہ ناظم ڈاکٹر پرویز محمود کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر پرویز محمود ایک انتہائی دلیر اور اصول پسند انسان تھے انہوں نے کراچی کا امن تباہ کرنے والوں کے خلاف ہمیشہ بھر پور آواز بلند کی اپنے بہادرانہ اور ایماندارانہ کردار کی وجہ سے وہ کراچی کی عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے عوامی نیشنل پارٹی جماعت اسلامی کے کارکنان اور ڈاکٹر پرویز محمود کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے ہم ڈاکٹر پرویز محمود کی مغفرت اور ان کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے صبر جمیل کے لیے دعا گو ہیں اور حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈاکٹر پرویز محمود کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتاری اور ان کو عبرت ناک سزاء دینے کا مطالبہ کرتے ہیں سینیٹر شاہی سید نے مذید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں گرفتار انتہائی خطرناک ٹارگٹ کلرز کی ڈاکٹر پرویز محمود کے قتل کی سازشوں کے اعتراف کے باوجود ان کی ٹارگٹ کلنگ انتہائی شرم ناک اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے

جاری کردہ :شعبہ نشر و اشاعت ۔عوامی نیشنل پارٹی سندھ

منگل18ستمبر2012ء
پشاور ( پ ر ) ننگیالے پختون تنظیم کے صوبائی سالار اعلیٰ عمران خان آفریدی نے ننگیالے پختون خیبر پختو نخوا کے تمام ضلعی سالاروں کا اجلاس بروز ہفتہ مورخہ 22ستمبر2012ء گیارہ بجے دن پارٹی کے سیکر ٹریٹ باچا خان مرکز پشاور میں طلب کیا ہے۔ننگیالے پختون کے تمام ضلعی ، ایف آرز اور ایجنسیوں کے سالاروں کو وقت مقررہ پر اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پیر17ستمبر2012ء
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخواکے سیکرٹری اطلاعات ملک غلام مصطفی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا ہے ، مرکزی میڈیا سیل باچا خان ؒ مرکز پشاورسے جاری کردی ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام پر ظلم ہے جس کی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ ہر ہفتے پٹرول کی قیمت میں اضافے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی مہنگائی سے عوام پہلے ہی پریشان تھے جبکہ اب ان کی زندگی مزید اجیرن کر دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ اوگرا ہر ہفتے مرکزی وزارت خزانہ سے قیمتوں میں اضافے کی منظوری حاصل کر لیتا ہے جس سے مہنگائی میں اضافہ ایک قدرتی امر ہے ،ملک غلام مصطفی نے کہا کہ پاکستان میں پٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جس سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا اور اس کا اثر عوام پر پڑے گا جس کی عوامی نیشنل پارٹی پرزور مذمت کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ اے این پی اس اضافے کو مسترد کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو باور کرانا چاہتی ہے کہ غریب عوام میں پٹرول کی موجودہ قیمتیں برداشت کرنے کی سکت باقی نہیں رہی جبکہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے انہیں مہنگائی کی بھٹی میں جھونک دیا گیا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ اگر عوامی حکومت کے دعویدار عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے تو ان کی مشکلات میں اضافہ بھی نہ کریں کیونکہ اس اقدام سے عوام ان سے متنفر ہو جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو ہر ہفتے پٹرول کی قیمتیں بڑھانے کا ڈرامہ بند کر دینا چاہئے اور پٹرول پر ٹیکس کی مد میں کی جانے والی وصولی میںکمی لاکر عوام کو ریلیف دے۔

جمعہ 14ستمبر2012ء
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر افراسیاب خٹک کی زیر صدارت ضلع بونیر کی تنظیم کا ایک اہم اجلاس وزیراعلیٰ انیکسی میں منعقد ہوا جس میں اے این پی کے رہنماء سینیٹر اعظم ہوتی نے خصوصی طور پر شرکت کی ان کے علاوہ صوبائی نائب صدر سید لائق باچا ‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات ملک غلام مصطفی ‘ صوبائی جائنٹ سیکرٹری رؤف خان جبکہ بونیر کے ضلعی صدر محمد کریم بابک ‘ جنرل سیکرٹری رحیم زادہ خان ‘ ایم این اے استقبال خان ‘ صوبائی وزیر تعلیم سردار حسین بابک ‘ پی کے 77 کے صدر نصیب خان ‘ جنرل سیکرٹری تسلیم محمد خان ‘ پی کے 78 کے صدر شجاعت علی ‘ جنرل سیکرٹری انعام اللہ خان اور پی کے 79 صدر شاہجہان خان نے شرکت کی اجلاس میں بونیر کی ضلعی تنظیم کو مکمل اختیار دیا گیا کہ وہ اپنی کابینہ مکمل کریں اور ایم این ایز ‘ ایم پی ایز اور صوبائی وزراء کو ہدایت کی گئی کہ وہ تنظیم کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے تمام تحفظات دور کریں صوبائی صدر سینیٹر افراسیاب خٹک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں سب سے بنیادی چیز تنظیم ہے اور اگر کوئی شخص تنظیم کی اہمیت تسلیم نہیں کرتا تو وہ زیادہ عرصہ پارٹی میں نہیں رہ سکتا انہوں نے کہا کہ بونیر میں اے این پی اتنی فعال اور مضبوط ہے کہ 2008 کے الیکشن میں تمام سیاسی جماعتیں مل کر بھی اس کامقابلہ نہ کر سکی انہوں نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ پارٹی کے اندر موجود چھوٹے موٹے اختلافات بھلا کر ضلعی عہدیدار ‘ ایم این ایز ‘ ایم پی ایز اور صوبائی وزراء پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے اور آنے والے الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کر کے ثابت کریں گے کہ اے این پی صوبے کی سب سے مضبوط اور تنظیمی لحاظ سے فعال جماعت ہے جب کہ دیگر جماعتیں سیاسی اور تنظیمی طور پر اے این پی کا مقابلہ نہیں کر سکتیں ‘ سینیٹر اعظم خان ہوتی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی صدر کی خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کر رہا ہوں انہوں نے کہا مجھے امید ہے کہ ایک ہفتے کے اندر پارٹی میں موجود تمام اختلافات دور ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ تنظیم کی اہمیت سے انکار کرنے والوں کو سدھرنا ہوگا انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلعی عہدیداران ‘ ایم این ایز ‘ ایم پی ایز اور صوبائی وزراء پارٹی کے جھنڈے کا احترام کرتے ہوئے یکجا ہو کر تنظیم کو فعال بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔

جمعہ  المبارک 14ستمبر 2012ء
پشاور ( پ ر )عوامی نیشنل پارٹی سٹی ڈسٹرکٹ پشاور کی کابینہ کا اجلاس زیر صدارت صوبائی صدر سینیٹر افراسیاب خٹک وزیر اعلیٰ اینکسی میں منعقد ہو ا جس میں سینئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور ‘ صوبائی وزیر سید عاقل شاہ ‘ اے این پی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری بیرسٹر ہارون بلور ‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات ملک غلام مصطفی ‘ ایم پی ا ے حاجی اورنگزیب خان ‘ سٹی ڈسٹرکٹ کے صدر نیاز محمد مومند ‘ جنرل سیکرٹری سرتاج خان اور کابینہ کے دیگر ارکان نے شرکت کی ‘ اجلاس میں تنظیمی امور اور پی کے کی تنظیموں کے حوالے سے اہم تبادلہ خیال کیا گیا اور 16ستمبر کے مجوزہ جنرل کونسل اجلاس کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا ‘ اس موقع پر پارٹی کو فعال اور منظم بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا ‘ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر افراسیاب خٹک نے کہا کہ کسی بھی پارٹی میں تنظیمی ڈھانچے کی فعالیت اور مضبوطی میں کارکن کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ‘ پارٹی کے ایم این ایز ‘ ایم پی ایز اور وزراء تنظیموں اور کارکنوں سے قریبی رابطہ رکھیں ‘ انہوں نے پارٹی عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں کہ چھوٹی موٹی باہمی رنجشوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور گراس روٹ لیول پر پارٹی کو منظم بنانے کیلئے وارڈز کی سطح پر کارکنوں سے رابطہ رکھیں انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیدار ‘ ایم این ایز ‘ ایم پی ایز اور وزراء تمام اضلاع میں نہ صرف تنظیمی سر گرمیوں بلکہ ترقیاتی امور پر بھی نظر رکھیں ‘ تنظیموں کو فعال اور مضبوط بنانے کیلئے عہدیدار اپنا وقت پارٹی کیلئے وقف کردیں تاکہ کارکنوں کے مسائل سے آگاہی حاصل ہو اور ان مسائل کے حل کیلئے پارٹی عہدیدار بھی ایم این ا یز‘ ایم پی ایز اور وزراء سے قریبی رابطہ رکھیں ‘ تاکہ کارکنوں کی شکایات کا ا زالہ کیاجاسکے اور آئندہ انتخابات میں پارٹی ایک مضبوط اور فعال قوت بن کر ابھرے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب اتفاق رائے اور ایمانداری سے کارکنوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے کوششیں کی جائیں ۔

جمعرات13ستمبر2012ء
پشاور ( پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر افراسیاب خٹک اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات ملک غلام مصطفی نے مشہور اور نامور کامیڈین لہری کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،مرکزی میڈیا سیل باچاخانؒ مرکز پشاور سے جاری ہونے والے اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ سفیر اللہ صدیقی ( لہری) کی فلمی دنیا کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں اور ان کے انتقال سے کامیڈی کی دنیا میں پیدا ہونے والا خلاء کبھی پر نہیں ہو سکتا ،انہوں نے کہا کہ اے این پی اور خیبر پختونخوا کے عوام غم کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں،دونوں رہنماؤں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔

جمعہ7ستمبر2012ء
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کی قیادت کا صوبائی وزراء کے ساتھ ایک اہم اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر افراسیاب خٹک کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ انیکسی میں منعقد ہوا ‘ جس میں سینئر وزیر بشیر احمد بلور ‘ صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین ‘ وزیر تعلیم سردار حسین بابک ‘ قاضی اسد ‘ واجد علی خان ‘ نمرود خان ‘ امجد خان ‘ میاں نثار گل ‘ ہدایت اللہ خان اور زرشید خان سمیت پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر باز محمد خان صوبائی جنرل سیکرٹری ارباب محمد طاہر خان خلیل صوبائی سیکرٹری اطلاعات ملک غلام مصطفی نے شرکت کی اجلاس میں وزراء نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے صوبائی صدر کو آگاہ کیا ‘ سینیٹر افراسیاب خٹک نے انرجی کانفرنس میں بجلی کی تقسیم کا نظام صوبوں کے حوالے کرنے سے متعلق قرار داد کو صوبائی اسمبلی سے پاس کرانے پر وزراء اور دیگر ارکان کا شکریہ ادا کیا ‘ اس موقع پر اپنے خطاب میں سینیٹر افراسیاب خٹک نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں تنظیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ‘ الیکشن میں ہمیشہ وہی جماعتیں کامیابی حاصل کرتی ہیں جو تنظیمی لحاظ سے فعال اور مضبوط ہوں انہوں نے تمام وزراء کو ہدایت کی کہ پارٹی کی ضلعی تنظیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اضلاع کا دورہ کر کے ان کے حالات سے آگاہی حاصل کریں ‘ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزراء کے ساتھ ضلعی تنظیموں کی میٹنگز کا سلسلہ اقتدار کے پہلے سال میں باچا خان مرکز میں شروع کیا تھا تاہم امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور دہشت گردی کی وجہ سے یہ سلسلہ جاری نہ رکھا جا سکا انہوں نے کہا کہ ضلعی تنظیموں کے ساتھ وزراء کا رابطہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیوں کہ وزراء اور ایم پی ایز کو منتخب کرنے میں ضلعی تنظیمیں اہم کردار ادا کرتی ہیں لہٰذا وہ ایم پی ایز اور وزراء کا فرض ہے کہ وہ ضلعی تنظیموں کے گلے شکوے دور کرے انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر محکمہ بلدیات ‘ جنگلات ‘ تعلیم ‘ سوشل ویلفیئر اور سپورٹس کے وزراء کا ضلعی تنظیموں کے ساتھ روابط قائم رکھنا اشد ضروری ہے ‘ انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ چار سال کے دوران صوبے میں اپنی سیاسی قوت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اہم شخصیات کی اے این پی میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کی کارکردگی دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہے انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں جنوبی اضلاع اور ہزارہ ڈویژن میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی اور اے این پی ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گی انہوں نے وزراء سے کہا کہ وہ اپنے محکموں کی کارکردگی کی نمایاں طور پر تشہیر کریں اور کارکردگی رپورٹ باچا خان مرکز کو بھی ارسال کریں تا کہ پارٹی اپنے طور پر ان تمام کاموں کی تشہیر کر سکے ‘ سینیٹر افراسیاب خٹک نے یقین دہانی کرائی کہ وزراء کی تمام تجاویز اور مختلف نکات پر ان کی رائے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو آگاہ کیا جائے گا ‘ قومی مسائل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ قوم کی توقعات ہم سے بہت زیادہ ہیں تاہم وسائل کی کمی کے باعث ہم بہت سی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے ‘ انہوں نے کہا کہ سیاسی حوالے سے ہماری پارٹی نے اہم اقدامات کئے ہیں اور ان سیاسی کامیابیوں کا پیغام لوگوں تک پہنچانے میں وزراء اور پارٹی تنظیمیں مل کر اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے بارے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے توسط سے مرکزی حکومت سے بات چیت کی جائے گی ‘ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران ‘ تمباکو ریٹ ‘ آئل اور گیس پیداوار کا پچاس فیصد حصہ ‘ گیس ویسٹیج سے 200 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے اور سی سی آئی کے اجلاسوں کے حوالے سے بھی مرکزی حکومت سے بات کی جائے گی ۔

پیر 3ستمبر2012ء
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان اور صوبائی صدر سینیٹر افراسیاب خٹک نے پشاور میں ابدرہ روڈ پریو این ایچ سی آر کے دفتر کے باہر گیر ملکیوں کی گاڑی پر بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت اور واقعے میں بے گناہ لوگو ں کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، مرکزی میڈیا سیل باچا خان  مرکز پشاور سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بوکھلا گئے ہیں اور اس بوکھلاہٹ میں وہ بے گناہ لوگوں کا خون بہا رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد کرائے کے قاتل ہیں اور پیسے کے خاطر وہ عورتوں ،بچوں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ آج وقتی طور پردہشت گرد ہمارا راستہ روکنے کی کوششیں کر رہے ہیں تاہم انہیں ماضی کی طرح آج بھی ناکامی ہو گی انہوں نے کہا کہ دہشت گردی صرف ہمارا نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے اور سب کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہو گا، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ دہشت گرد اس ملک کے عوام کو یرغمال بنانے کے لئے انسانیت سوز کارروائیاں کر رہے ہیں تاہم یہ سلسلہ اب زیادہ دیر تک نہیں چلے اور ایسی مذموم کارروائیوں سے اے این پی کی حکومت ،پولیس اورعوام کے حوصلے پست نہیں ہونگے،انہوں نے واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔

ہفتہ یکم ستمبر 2012ء
پشاور ( پ ر ) پاکستان پیپلز پارٹی (شیر پاؤ )کے ہزارہ ڈویژن کے صدر عاصم خان نے اپنے تمام عہدیداروں سمیت اپنی پارٹی سے مستعفی ہو کرعوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ‘ انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر افراسیاب خٹک سے وزیر اعلیٰ اینکسی میں ملاقات کے دوران عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ‘ اس موقع پر صوبا ئی جنرل سیکرٹری ارباب محمد طاہر خان خلیل ‘ صوبائی نائب صدر میاں مشتاق احمد ‘ ایم پی اے مختیار خان ‘ صوبائی جائنٹ سیکرٹریز ملک نوید ‘ فیاض اور اے این پی مانسہرہ کے صدر عزیز خان بھی موجود تھے ‘اس موقع پر اپنے خطاب میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر افراسیاب خٹک نے عاصم خان کی اے این پی میں شمولیت کو نیک شگون قرار دیا اور کہا کہ ہزارہ ڈویژن میں جس طرح لوگ جوق در جوق اے این پی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی آئندہ انتخابات میں ہزارہ میں ایک بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی ‘ پچھلے 60برس میں اے این پی کے خلاف ہزارہ ڈویژن میں جو زہریلا پر وپیگنڈہ کیا گیا اے این پی کی موجودہ صوبائی حکومت کے اقدامات اور لیڈرشپ کی سیاسی بصیرت نے ہزارہ ڈویژن کے لوگوں پر ثابت کردیا کہ کہ اے این پی پاکستان کی واحد مخلص سیاسی قوت ہے جس نے اپنے کردار سے اس امر کی دلیل پیش کی ہے کہ جمہوریت کے استحکام ‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ ‘ آئین کی پاسداری اور آمریت کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی ایک مستحکم موقف رکھتی ہے اور اس کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتی ‘انہوں نے کہا کہ اے این پی کی ملک وقوم کیلئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور حقیقی معنوں میں پاکستان کی بقا ء اور سلامتی کی جنگ بھی اے این پی کے کارکنوں اور رہنماؤں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر لڑی ہے اور اس میں سرخرو ہوئے ہیں ‘ پارٹی کے اسی کردار کو دیکھتے ہوئے صوبے کے ہر ضلع اور ڈویژن سے عوام اے این پی میں جوق در جوق شمولیت اختیار کر رہے ہیں ‘ انہوں نے کہا کہ اے این پی باچاخانؒ کے پیروکاروں کی جماعت ہے جو عدم تشددکی قائل اور ملک میں جمہوری نظام کی سب سے بڑی علمبردار ہے اور آئندہ بھی اپنی یہی پالیسی جاری رکھے گی ۔

ہفتہ یکم ستمبر 2012

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی پختو نخوا کی صوبائی کابینہ کا ایک اہم اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر افرسیاب خٹک کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ انیکسی میں منعقد ہوا،جس میں سینئر نائب صدر سینیٹر باز محمد خان ، صوبائی جنرل سیکرٹری ارباب محمد طاہر خان خلیل اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات ملک غلام مصطفی سمیت کابینہ کے دیگر تمام ممبران نے شرکت کی ، اجلاس کے دوران بجلی کی پیداوار اور تقسیم کا نظام صوبوں کے حوالے سے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کر نے پر صوبائی حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ جن سیاسی جماعتوں نے انرجی کانفرنس کا بائیکاٹ کیا تھا انہوں نے اسمبلی میں بجلی کی پیداوار اور تقسیم کا نظام صوبون کے حوالے کرنے کے حق میں ووٹ دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ انرجی کانفرنس مین شرکت نہ کرنا ان کی ایک سیاسی غلطی تھی ، اس موع پر اپنے خطاب مین سینیتر افراسیاب خٹک نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ ہر فورم پر عوامی مشکلات دور کرنے کیلئے آواز اٹھائی،اورمستقبل میں بھی پارٹی حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، انہوں نے کہا کہ پختونخوا ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے مین سب سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کر رہا ہے اس لئے یہاں لوڈ شیڈنگ کا کوئی جواز نہیں بنتا ،انہوں نے کہا کہ ہم مرکزی حکومت کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ ہم قومی مفاد مین لوڈشیڈنگ برداشت کر رہے ہیں تاہم صوبے مین ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کرینگے ،سینیٹر افراسیاب خٹک نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد وہ تمام وزارتیں جو صوبوں کو منتقل کی گئی ہیں ،ن پر عملی اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ جو قوتیں مرکزی و صوبائی حکومتوں کو امریکہ کا غلام سمجھتی ہیں اور ان حکومتون کے خلا ف پروپیگنڈہ کر رہی ہیں انہیں یہ جان لینا چاہئے کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی ھکومت کو امریکہ کے خلاف اس حد تک آگے جانے کی توفیق نہیں ہوئی ، صرف موجودہ حکومت نے ہی 7ماہ تک نیٹو سپلائی بند رکھی اسی طرح شام کے مسئلے پر خارجہ پالیسی اور ایران کے ساتھ تعلقات سے چابت ہوتا ہے کہ ملک آزاد خارجہ پالیسی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رکھا ہے ،اضلاع کو کروڑوں کے پیکج دئے جا رہے ہیں اسی طرح اٹھارویں ترمیم مین صوبائی خودمختاری حاصل کرنے کی بدولت صوبوں کو بھی ترقیاتی پیکج مل رہے ہیں ، تعلیمی ترقی کے حوالے سے سینیٹر افراسیاب خٹک نے کہا کہ پاکستان کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں ہم نے 8یونیورسٹیان ، بیشتر کیمپس ، کالجز و سکولز اپنے دور حکومت میں قائم کئے جو اس سے قبل کوئی حکومت بھی بنا سکی ، اجلاس کے دوران صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ہارون بلور کی سربراہی پارٹی کے اندریوتھ ونگ کوآرڈینیشن کمیٹی بنائی گئی جس مین ارشد خان ایدوکیٹ کو ڈپٹی کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ، مینارٹی ونگ میں گلشن یوسف کو صوبائی جانٹ سیکرٹری نامزد کیا گیا ،جبکہ پختون ایس ایف کے انتکابات جلد از جلد منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا اور پارٹی کے انتخابی منشور کوجلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا گیا ، اسی طرح ننگیالے پختون تنظیم کے حوالے سے تمام اضلاع کو تنظیم سازی مکمل کرنے اور اس سلسلے میں سالار اعلیٰ عمران آفریدی سے مکمل رابطہ رکھنے کی ہدایات جاری کی گئیں ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مختلف صوبائی کمیٹیاں مختلف ڈویژنوں کا دورہ کرینگی اور جن علاقوں میں سیاسی سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہوں ان کی رپورٹ آئندہ اجلاس میں صوبائی صدر کو پیش کی جائے گی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 7ستمبر کو وزیر اعلیٰ ، صوبائی وزراء اور صوبائی عہدیداروں کا ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں اضلاع میں ترقیاتی کاموں اور تنظیموں کے تحفظات دور کرنے کے حوالے سے غور کیا جائے گا ۔

Post to Twitter

 Posted by on September 4, 2012 at 7:02 am