Nov 022018
 

عوامی نیشنل پارٹی کی مولانا سمیع الحق کے قتل کی مذمت

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخارحسین نے جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نظریاتی اور سیاسی اعتبار سے ہر کسی کی اپنی سوچ ہوتی ہے تاہم ملک میں بسنے والے ہر شہری کو جینے کا حق اور آزادی ہونی چاہئے اور اسے کسی بھی طور پر سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم لاکھ سیاسی اختلاف کرسکتے ہیں مگر تشدد کی اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم باچا خان کے فلسفہ عدم تشدد کے پیروکار ہیں اور اس خطے میں امن کے داعی ہیں کیونکہ اس میں ہر کسی کا بلا ہے۔ لہذا ہر وہ کاروائی جو تشدد پر مبنی ہو، اس کے مخالف ہیں۔انہوں نے کہا کہ اختلافات کی صورت میں کسی کی جان لینے کی کسی بھی طور پر اجازت نہیں دی جاسکتی۔
میاں افتخارحسین نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال بہت نازک ہے جہاں کسی بھی وقت کچھ بھی ہوسکتا ہے لہذا حکومت صورتحال کی نزاکت کا احساس کرتے ہوئے سیکورٹی کی جانب فوری توجہ مبذول کرے تاکہ ایسے مزیدواقعات کا تدارک ممکن ہوسکے۔
اے این پی کے جنرل سیکرٹری نے مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق کی مغفرت اور لواحقین کے صبرجمیل کیلئے بھی دعا کی۔

[suffusion-the-author]

[suffusion-the-author display='description']