Jul 082018
 

تخت اسلام آباد کیلئے پختونوں کا کندھا استعمال کرنے کا دور گزر چکا ہے، سردار حسین بابک

سابق حکومت نے جس طرح پختونوں کو اندھیروں میں دھکیلا وہ ایک تاریخ کا ایک تاریک باب ہے۔

خزانہ لوٹ لیا گیا ،آج سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے رقم موجود نہیں ہے۔

صوبے اور مرکز میں اقتدار کے مزے لینے والوں کوپانچ سال بعد اسلام خطرے میں نظر آنے لگا ہے۔

سند یافتہ لوٹوں کو ٹکٹ جاری کر کے کپتان نے اپنے ہی کارکنوں کی تذلیل کی۔

کرپشن کی خاطر پانچ سال میں پشاور کو اجاڑ دیا گیا، پی کے22بونیر میں شمولیتی جلسوں سے خطاب

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور پی کے 22بونیر سے امیدوار سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ آنے والے الیکشن میں پختون قوم کی قسمت کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے ،حکومت میں آئے تو عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران چنگلئی امازئی ،سواوئی اور دیگر مختلف مقامات پر جرگوں ، تقاریب اور شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ضلعی صدر محمد کریم بابک ، این اے 9کے امیدوار رؤف خان اور دیگر مقامی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ، سردار حسین بابک نے کہا کہ عوام کی اکثریت کا رجحان اے این پی کی طرف ہے ، سابق حکومت نے جس طرح پختونوں کو محرومیوں کے اندھیروں میں دھکیلا وہ ایک تاریخ کا ایک تاریک باب ہے ، انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ نے پانچ سال دھرنوں میں ناچ گانے اور خزانے کی لوٹ مار میں گزار دیئے ،جس کے باعث آج سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن ادا کرنے کیلئے خزانے میں رقم موجود نہیں جس کی اے این پی ایک عرصہ سے نشاندہی کرتی آئی ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف تیس سال تک اقتدار میں رہے لیکن کبھی بھی پختونوں کو حقوق نہیں دیئے اور آج پھر ایک بار الیکشن سے قبل خیبر پختونخوا سے ووٹ مانگنے کیلئے ن لیگ سرگرم ہے ، جو صوبے اور مرکز میں اقتدار کے مزے لیتے رہے انہیں پانچ سال بعد حکومتیں ختم ہونے پر اسلام خطرے میں نظر آنے لگا ہے، انہوں نے کہا کہ دراصل اسلام کو نہیں ایسے لوگوں کی اپنی سیاست خطرے میں ہے ، انہوں نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا کہ عمران خان سیاست سے گند اور کرپشن ختم کرنے کیلئے نکلے تو ضمیر فروشوں کا ٹولہ لے کر پارٹی میں شامل کر لیا ، سند یافتہ لوٹوں کو ٹکٹ جاری کر کے کپتان نے اپنے ہی کارکنوں کی تذلیل کی، سردار بابک نے کہا کہ پنجاب کے ووٹ بنک اور وزارت عظمیٰ کیلئے پختونوں کے کندھے استعمال کرنا بدترین سیاست ہے جس کی ہم کسی طور اجازت نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جس نے تبدیلی دیکھنی ہے وہ پشاور جائے اور دیکھے کہ پانچ سال میں شہر کو کس طرح اجاڑ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اے این پی کی کامیابی یقینی ہے اور حکومت میں آ کر تعلیم ،صحت اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کے خاتمے کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کیا جائے گا۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ الیکشن مہم میں تیزی لائیں ۔

[suffusion-the-author]

[suffusion-the-author display='description']