Jul 032018
 

کرپشن کے ہول سیلرز کے خلاف تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے، امیر حیدر خان ہوتی
اے این پی اقتدار میں آکر محرومیوں کا شکار پختونوں کو ریلیف فراہم کرے گی۔ 
کپتان نے نئے پاکستان کے نام پر نوجوانوں کو محرومیوں کے اندھیروں میں دھکیلا۔
سابق وزیر اعلیٰ نے پانچ سال دھرنوں میں ناچ گانے اور خزانے کی لوٹ مار میں گزار دیئے۔
عمران خان نے پیراشوٹ امیدواروں کو ٹکٹ دے کر دیرینہ کارکنوں کیساتھ کیا سلوک کیا۔
اے این پی 10لاکھ تک بلاسود قرضے فراہم کرے گی۔باجوڑ اورمردان میں انتخابی جلسوں سے خطاب

پشاور( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اور سابق وزیراعلیٰ امیرحیدرخان ہوتی نے کہاہے کہ پی ٹی آئی نے پانچ سالہ حکومت میں دھرنوں اور ناچ گانوں کے سواکچھ نہیں کیا،جبکہ کرپشن کی ایک لمبی داستان چھوڑ کر جانے والی حکومت کے خلاف تحقیقات شروع ہو رہی ہے، اے این پی اقتدار میں آکرپختون قوم کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی ،مساجد اور مدارس کی خدمت کا سلسلہ شروع ہوگا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خار باجوڑ اور بعد ازاں مردان میں ایک بڑے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، این اے40باجوڑ کے امیدوار گل افضل خان اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا، امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ کپتان نے نئے پاکستان کے نام پر نوجوانوں کو ورغلایا اور پختونوں کو محرومیوں کے اندھیروں میں دھکیلا ، انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ نے پانچ سال دھرنوں میں ناچ گانے اور خزانے کی لوٹ مار میں گزار دیئے جس کے نتیجے میں آج سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن ادا کرنے کیلئے خزانے میں رقم موجود نہیں جس کی اے این پی ایک عرصہ سے نشاندہی کرتی آئی ہے ،انہوں نے کہاکہ کپتان سیاست سے گند اور کرپشن ختم کرنے کیلئے نکلے تو ضمیر فروشوں کا ٹولہ لے کر پارٹی میں شامل کر لیا ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 سال تک سراج الحق صوبائی حکومت میں اور مولانا فضل الرحمان مرکزی حکومت میں وزارتوں کے مزے لوٹتے رہے اس دوران اسلام بھی محفوظ رہا اور جب حکومت ختم ہوئی تو اسلام کو خطرات درپیش ہونے لگے حالانکہ خطرہ اسلام کو نہیں بلکہ ان کے اسلام آباد کو ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگتے ہیں۔ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے شرعی نظام عدل ، دارالقضاء کا قیام اور تعلیمی ادارے و یونیورسٹیاں قائم کی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ بھی لڑی ہے اس لیے ہماری کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن نوجوانوں نے نئے پاکستان اور تبدیلی کے نام پر تحریک انصاف کو ووٹ دیا تھا وہ دیکھ لیں عمران خان نے ان کے سامنے پیراشوٹ امیدواروں کو ٹکٹ دے کر دیرینہ کارکنوں کیساتھ کیا سلوک کیا۔ امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ پنجاب کے ووٹ بنک اور وزارت عظمیٰ کیلئے پختونوں کے کندھے استعمال کرنا بدترین سیاست ہے جس کی ہم کسی طور اجازت نہیں دیں گے انہوں نے کہاکہ سابق حکومت کی غلط پالیسوں کے باعث صوبے میں بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہواتاہم اے این پی کامیابی کے بعد بے روزگاری کے خاتمے پر توجہ دے گی اور نوجوانوں کودوسے 10لاکھ تک بلاسود قرضے فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنے لئے روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں انہوں نے اپیل کی کہ عوام اپنے حقوق کے تحفظ اور اپنی آئندہ نسلوں کی بقا کیلئے اے این پی کو کامیاب کرائیں، انہوں نے کہا کہ اقتدارمیں آکرنہ صرف خالی خزانہ بھریں گے بلکہ ترقی کا رکا ہوا پہیہ دوبارہ چلائیں گے اور ایک بار پھر بتاشوں کی بارش ہوگی۔

لوند خوڑ مردان

خار باجوڑ

[suffusion-the-author]

[suffusion-the-author display='description']