Nov 082017
 

قبل از وقت الیکشن کا واویلا ہمارے صوبے کے خلاف سازش کی کڑی ہے ،غلام احمد بلور

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے قبل از وقت انتخابات کو صوبہ خیبر پختونخوا کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واویلا کرنے والی پی ٹی آئی کی جماعت ایک جانب نئی حلقہ بندیوں کے تحت صوبے کو ملنے والی نئی 5اضافی نشستیں ضائع کرنا چاہتی ہے اور دوسری جانب مارشل لاء کو دعوت دے رہی ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اے این پی کسی صورت غیر جمہوری اقدامات کے حق میں نہیں اور نہ ہی آئین میں کسی ٹیکنوکریٹ حکومت کی گنجائش یا ذکر ہے ، انہوں نے کہا کہ قبل از وقت الیکشن 98کی پوزیشن اور پرانی حلقہ بندیوں کے تحت ہونگے اور حالیہ مردام شماری کے نتیجے میں ظاہر کی جانے والی آبادی کو بھی باہر کر دیا جائے گا جبکہ نئی حلقہ بندیوں کے تحت بڑھنے والی 5سیٹوں سے بھی ہاتھ دھونا پڑیں گے ، انہوں نے کہا کہ صوبے کے حالیہ مالک اور حاکم وقت اپنے ہی صوبے کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اور عمران خان وزارت عظمی تک جلد از جلد پہنچنے کی خواہش میں آئین تک کو روندنے پر تُلے ہوئے ہیں،حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ ملک کسی غیر یقینی صورتحال کا متحمل نہیں ہو سکتا ، جمہوریت کی بقاء کیلئے سب کو مدبرانہ سوچ اپنانا ہو گی ، انہوں نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ جمہوریت کی بقا کیلئے قربانی دی ہے اور کبھی کسی غیر آئینی قوت کے سامنے سر نہیں جھکایا اور اب بھی ہم جمہوریت کے ساتھ ہیں جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو ملک و قوم دونوں کو نقصان ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہم نے ہزار تحفظات کے باوجود جمہوریت کی بقاء کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کا مینڈیٹ تسلیم کیا لہٰذا خیبر پختونخوا سمیت منتخب ہونے والی حکومتوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے ،انہوں نے کہا کہ عمران خان نجانے کس کے اشارے پر یہ سب کھیل کھیل رہے ہیں حالانکہ ان کے ہاتھ میں وزارت عظمی کی لکیر ہی نہیں ہے ، حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ ذرا سی غلطی کسی بھی بڑے سانحہ کا سبب بن سکتی ہے لہٰذا سیاستدان صورتحال کا ادراک کریں اور غیرضروری خواہشات کی تکمیل کیلئے آئین کو پاؤں تلے روندنے سے باز رہیں ۔

[suffusion-the-author]

[suffusion-the-author display='description']