Jul 112016
 

مورخہ11جولائی2016ء بروز پیر

عوام2018کے الیکشن میں پی ٹی آئی اور ان کے اتحادیوں کا بستر گول کر دیں گے، میاں افتخار حسین
مرکزی اورصوبائی حکومت نہ جانے پختونوں کو کس جرم کی سزا دے رہی ہیں،
مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کا خیبرپختون خوا کے غریب عوام کے مسائل سے کوئی سرورکار نہیں
تبدیلی والوں کے دور میں ترقی کا پہیہ رک گیاہے اورتین سال گزرنے کے باوجود کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیاگیا
عوام جان چکے ہیں کہ تبدیلی کے نام پر ان کے ساتھ مذاق اور دھوکہ کیا جا چکا ہے، صالح خانہ میں شمولیتی تقریب سے خطاب

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام جان چکے ہیں کہ تبدیلی کے نام پر ان کے ساتھ مذاق اور دھوکہ کیا جا چکا ہے اورصوبائی حکومت کو پشتونوں کے مسائل کے حل اور ان کی نمائندگی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صالح خانہ چھپری نوشہرہ میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرانور بیگ خان نے اپنے دیگر ساتھیوں اور خاندان اور رشتہ داروں سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ،میاں افتخار حسین نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو سرخ ٹوپیاں پہنائیں اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خطاب میں مزیدکہا کہ 2018 کا الیکشن پی ٹی آئی اور ان کے حکومتی اتحادیوں کے عوامی محاسبے کا سال ثابت ہو گا اور صوبے کے نوجوان اور عوام تبدیلی کے دعویداروں کو بنی گالہ تک محدود کر کے دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی اورصوبائی حکومت نہ جانے پختونوں کو کس جرم کی سزا دے رہی ہیں تبدیلی کے دعویداروں نے روزگار کے متلاشی نوجوانوں کو تین سال بعد چوہے مارنے پر لگادیاہے اگر یہ تبدیلی ہے تو ایسی تبدیلی کو پختون نہیں مانتے اور 2018ء وعدوں کو ایفا نہ کرنے والوں کا خیبرپختون خوا سے بوریابستر گول کردیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کا خیبرپختون خوا کے غریب عوام کے مسائل سے کوئی سرورکار نہیں اور مسلسل پختونوں کو نظر انداز کرنے کی پالیسی اختیارکررکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سب کچھ اس لئے کیاجارہاہے کہ یہ دونوں جماعتیں پختون دھرتی کو اپنے گھر نہیں مانتے بلکہ وہ کرایہ دار ہیں اورکرایہ داروں کو پرائے گھر کی فکر نہیں ہوتی یہ ہماری دھرتی ہے اور اس کی خدمت ہم کریں گے،انہوں نے کہاکہ اے این پی کے دور حکومت میں ہرطرف ترقی کا دوردورہ تھا تبدیلی والوں کے دور میں ترقی کا پہیہ رک گیاہے اورتین سال گزرنے کے باوجود کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیاگیا بلکہ ہمارے ترقیاتی منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام اپنے ساتھ کی جانے والی زیادتیوں کا بدلہ چکا دیں اور آنے والے الیکشن میں طالبان کے حمایتیوں کو بری طرح مسترد کر دیں گے۔

[suffusion-the-author]

[suffusion-the-author display='description']