حکومت ہٹ دھرمی کی بجائے بلدیاتی نمائندوں کے قانونی فنڈز جاری کرے،سردار حسین بابک

حکومت ہٹ دھرمی کی بجائے بلدیاتی نمائندوں کے قانونی فنڈز جاری کرے،سردار حسین بابک

عوام کے منتخب نمائندے اپنے حقوق کیلئے سراپا احتجاج ہیں لیکن حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔

صوبائی حکومت مسلسل بلدیاتی حکومتوں کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے ،قانونی فنڈز فراہم نہیں کئے جا رہے۔

مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے سابقہ بجٹ کٹوتی کی رقم کی آخری بجٹ میں ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

اختیارات نچلی سطح پر منتقلی کا کریڈٹ لینے والی تبدیلی سرکار کی بلدیاتی نمائندوں کی حق تلفی کر رہی ہے۔

بلدیاتی حکومتوں کا آئینی دورانیہ ختم ہونے کو ہے، اے این پی قانونی جنگ میں ساتھ دے گی۔

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مسلسل بلدیاتی حکومتوں کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے اور انہیں قانونی فنڈز فراہم نہیں کئے جا رہے جبکہ صوبے کے طول وعرض میں بلدیاتی نمائندے اور بلدیاتی حکومتیں اپنے قانونی فنڈز کے حصول کیلئے سراپا احتجاج ہیں،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ احتجاج کے باوجود حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی اور بلدیاتی نمائندوں کے جائز مسئلے کو پس پشت ڈال رکھا ہے،انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بلدیاتی نظام اور اختیارات نچلی سطح پر منتقلی کا کریڈٹ لینے والی تبدیلی سرکار کی حکومت صوبے میں بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ زیادتی و حق تلفی کر رہی ہے ، اختیارات دور کی بات بلدیاتی حکومتوں کو اپنی ضروریات کے مطابق فنڈز کے استعمال کا اختیار بھی نہیں دیا جا رہا، سردار حسین بابک نے کہا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی نمائندوں کے مینڈیٹ کا احترام کرے اور سابقہ تین بجٹ میں کٹوتی کی جانے والی رقم آخری بجٹ میں ادائیگی کو یقینی بنائے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندے عوام کے منتخب نمائندے ہیں لہٰذا ان کا استحقاق مجروح کرنے کی بجائے قانونی فنڈز کا اجراء یقینی بنانا حکومتی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی حکومتوں کا آئینی دورانیہ ختم ہونے کو ہے لیکن بد قسمتی سے حکومتی ہٹ دھرمی کے باعث بلدیاتی نمائندے احتجاج پر مجبور ہیں،انہوں نے کہا کہ کئی عوامی نمائندے اپنے حقوق کیلئے عدلیہ کے دروازے پر دستک دے چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ اے این پی بلدیاتی نمائندوں کے قانونی حقوق کی جنگ میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر فورم پر ان کے مطالبات کیلئےآواز اٹھائے گی۔

Facebook Comments