زبردستی مسلط کئے جانے والوں سے خیر کی توقع رکھنا عبث ہے ،امیر حیدر خان ہوتی

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے سابق صوبائی صدر اور ممبر قومی اسمبلی امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ قوم پر زبردستی مسلط کئے جانے والوں سے خیر کی توقع رکھنا عبث ہے ، مہنگائی کے طوفان سے عوام پر عرصہ حیات تنگ کر نے والے حکمران منظر عام سے غائب ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان کے علاقے محبت آباد کورغ اور گو جر گڑھی میں مختلف تعارفی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ اے این پی نے اپنے گزشتہ پانچ سالہ دور میں عوام کی بھرپور خدمت کی ہے اور مستقبل میں موقع ملا تو بے لوث خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے،انہوں نے کہا کہ حکومت کو اقتدار میں آئے آٹھ ماہ گزر گئے ہیں لیکن حکومتی نمائندوں نے اپنے متعلقہ اضلاع اور حلقوں کو نظر انداز کر رکھا ہے ،الیکشن کے دنوں میں نمودار ہونے والے عوامی مسائل کا ادراک نہیں کر سکتے ، انہوں نے کہا کہ میرا عوام کے ساتھ رشتہ صرف ووٹ کا نہیں بلکہ اٹوٹ ہے اور اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی عوامی مشکلات کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتا رہوں گا، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ حکومتوں کی ذمہ داری عوام کے مسائل کا حل یقینی بنانا ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں حکومت لوگوں کی مشکلات بڑھانے میں پیش پیش ہے،انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر صوبائی کابینہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اے این پی میں عہدے کوئی معنی نہیں رکھتے اصل مقصد عوام میں شعور اور بیداری پیدا کرنا ہے جس کیلئے باچا خان اور ولی خان کی سوچ و فکر پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھتے رہیں گے۔

 

Facebook Comments
Translate »