عوامی نیشنل پارٹی کی ڈسٹرکٹ بار انتخابات میں ملگری وکیلان کی کامیابی پر مبارکباد

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی اور صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے پشاور بار کے انتخابات میں ملگری وکیلان کی بھرپورکامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اور اسے مستقبل میں اے این پی کی کامیابی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔اپنے تہنیتی بیان میں پارٹی رہنماؤں نے پشاور بار کے نو منتخب صدر اور دیگر ممبران کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ ملگری وکیلان کی صوبہ بھر میں کامیابی تعلیم یافتہ طبقے کی جانب سے اے این پی کی کامیاب پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے ، پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ منتخب ہونے والوں پر وکلاء برادری نے اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اب یہ ان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ وکلاء برادری کے حقوق کے تحفظ اور حق و انصاف کی پاسداری کرتے ہوئے جمہوریت کی بالادستی کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں ،دریں اثناء انہوں نے چارسدہ ، نوشہرہ ، تخت بھائی مردان،بونیر،سوات ،صوابی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ملگری وکیلان اوران کے اتحادیوں کی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی ، پارٹی رہنماؤں نے نو منتخب صدور اور ان کی تمام کابینہ کو عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ نو منتخب صدر اور ان کی کابینہ وکلاء برادری کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے ،انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے اپنی مشکلات کے ازالے اور مسائل کے حل کیلئے انہیں ووٹ دے کر منتخب کیا ہے تاہم اب یہ ان کی اولیں ترجیح ہونی چاہئے کہ اُن کے مفادات کا بھرپور تحفظ کیا جائے تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ امور پہلے سے بھی بہتر انداز میں انجام دے سکیں ۔

 

Facebook Comments
Translate »