انتخابات سے قبل قبائلی خواتین میں سیاسی بیداری مہم کے آغاز کا فیصلہ

عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی نائب صدر شازیہ اورنگزیب خان نے قبائلی علاقوں میں آئندہ انتخابات میں خواتین کی شرکت یقینی بنانے کیلئے قبائلی خواتین میں سیاسی بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام اضلاع کی نائب صدور و جائنٹ سیکرٹریز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں خواتین کو منظم کرنے کی مہم کا آغاز کریں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز پشاور میں خواتین کے اجلاس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں صوبائی جائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر شاہین ضمیر، مردان کی ضلعی نائب صدر سیدہ نازیہ شاہ ،ضلعی نائب صدر نوشہرہ سلیمہ جہانگیر ضلعی نائب صدر سوات ڈاکٹر بخت ناز خان اور ممبر ضلع کونسل مہرین کامران بھی موجود تھیں،اس موقع پر دو نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا اور قبائلی اضلاع کے انتخابات میں خواتین کی شرکت اور قبائلی خواتین میں سیاسی شعور بیدار کرنے کیلئے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں اے این پی کے سابق صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ موجودہ صوبائی صدر ایمل ولی خان پر مکمل اعتماد کااظہار کیا گیا ، شازیہ اورنگزیب خان نے تمام قبائلی اضلاع میں خواتین کی تنظیموں میں شمولیت ، ان میں سیاسی بیداری پیدا کرنے، انہیں اے این پی کے قبائلی الیکشن میں حصہ لینے اور خواتین کے ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا،انہوں نے کہا کہ اس تمام عمل کو عملی جامہ بنانے کیلئے جلد رابطہ عوام مہم کا آغاز بھی کیا جائے گا، اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اے این پی کی خواتین کارکن صوبے بھر میں پارٹی کو مزید منظم و متحرک کرنے کیلئے میدان میں نکلیں گی۔

Facebook Comments
Translate »