ملک تباہی کے دہانے پر ہے

ملک تباہی کے دہانے پر ہے ،معیشت داؤ پر لگا کر آئی ایم ایف کی تابعداری کی جا رہی ہے، ایمل ولی خان
روپے کی قدر میں مسلسل کمی معاشی صورتحال کیلئے انتہائی سنگین ہے، حکومتی قرضوں اور مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔
چوہوں اور گدھوں کے بعدسو روزہ کارکردگی میں اس بار معاشی پالیسی انڈے اور مرغیوں تک محدود ہوگئی۔
مہنگائی میں مزید 15فیصد اضافہ متوقع ہے جس کے نتیجے میں کرپشن کا سونامی جنم لے گا۔
مہنگائی، بیروزگاری کی صورت میں عوام نام نہاد جمہوریت کا کڑوا پھل کھارہے ہیں۔

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان نے ڈالر کی اونچی اڑان اور پاکستانی روپے کی بے قدری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی معاشی صورتحال کیلئے انتہائی سنگین ہے،ملک تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے اور معیشت کو داؤ پر لگا کر آئی ایم ایف کی تابعداری کی جا رہی ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی گئی ہے اور روپے کی بے قدری سے ثابت ہو چکا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط مان لی گئی ہیں جبکہ حکمرانوں نے قوم سے جھوٹ بولا، انہوں نے کہا کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت بڑھنے سے حکومتی قرضوں اور مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے ڈالر مہنگا ہونے سے درآمدی صنعتی خام مال مہنگا،صنعتی شعبہ پر مالی بوجھ بڑھے گا‘انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے سو روزہ کارکردگی میں ماضی میں چوہے مارنے اور گدھوں کی تجارت کو مشعل راہ بناتے ہوئے اس بار اپنی معاشی پالیسی انڈے اور مرغیوں تک محدود رکھی ،ایمل ولی خان نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے کا سب سے زیادہ اثر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑے گا جس سے اشیاء کی ترسیل کی لاگت بڑھنے کے ساتھ ساتھ غریب آدمی بھی متاچر ہو گا،ایمل ولی خان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور ڈالر کی قدر و قیمت میں اضافے کے نتیجے میں کاروباری اخراجات میں ناقابلِ برداشت اضافہ ہوجائیگا اور مہنگائی دس تا پندرہ فیصد تک بڑھ جائیگی، انھوں نے کہا کہ اعصاب شکن بیروزگاری اور ناقابلِ برداشت مہنگائی کے نتیجے میں کرپشن کا سونامی جنم لے گا،پسماندگی کا شکار عوام ہولناک مہنگائی کے ہاتھوں خودکشیوں پر مجبور ہونگے، انھوں نے کہا کہ مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری، کاروباری مندی اور صنعتوں کی پیداوار میں مسلسل کمی کی صورت میں عوام نام نہاد جمہوریت کا کڑوا پھل کھارہے ہیں، ملک ہولناک معاشی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، حکومت ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرے اور روپے کی قدر میں اضافہ کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔

Facebook Comments