تورغر کے ضلعی انتخابات میں نمروزخان صدر منتخب

 تورغر: اے این پی ضلع تورغر کے انتخابات میں حاجی نمروز خان سابق صوبائی وزیر ضلع تور غر کے صدر منتخب ہو گئے اور دیگر کابینہ میں سینئر نائب صدرسید شہزاد شاہ ، نائب صدر نوابزادہ خان مدا خیل ، جنرل سیکرٹری یوسف خان بسی خیل ، جوائنٹ سیکرٹری نذر حمید خان مدا خیل ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری شیر ملک خان آکازئی ، سیکرٹری مالیات تاجی خان ، سیکرٹری ثقافت ظریف خان بسی خیل ، سیکرٹری اطلاعات عزیز الرحیم بسی خیل اور بھٹو بسی خیل کو سالار مقرر کر دیا گیا۔ صوبائی الیکشن کمیشن کے ممبران سید عاقل شاہ اور ملک غلام مصطفی کی نگرانی میں انتخابی عمل پایۂ تکمیل تک پہنچا

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید عاقل شاہ نے کہا کہ ہم یہاں انتخابات کے سلسلے میں آئے ہیں۔ اے این پی کا وطیرہ رہا ہے کہ ہمیشہ انتخابات جمہوری انداز میں منعقد کرائے جاتے ہیں۔ سب سے پہلے تو میں ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین سید شہزاد کا مشکور ہوں کہ جنہوں نے انتھک محنت سے برانچوں اور یونین کونسلوں کے انتخابات منعقد کرائے اور جن کونسلرز کی فہرست ہمیں مہیا کی گئی ہے یہ کونسلرز آج اپنے ضلعی کونسلر کے انتخاب میں بھرپور حصہ لیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ طریقۂ کار ہم آپ پر واضح کردینگے اس میں ہماری طرف سے کوئی نامزدگی نہیں کی جائے گی۔ آپ کو پورا اختیار ہو گا کہ آپ جس شخص کو چاہیں اپنا عہدیدار مقرر کر سکتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اے این اپنی جمہوری روایات کو قائم رکھتے ہوئے ہر چار سال بعد نچلی سطح سے لیکر مرکزی سطح تک اپنے الیکشن منعقد کرواتی آئی ہے اور انشاء اللہ ہم اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پارٹی میں جمہوری کلچر کو فروغ دیتے رہیں گے۔ اس صوبے میں ہم اپوزیشن کا بھرپور رول ادا کر رہے ہیں اور انشاء اللہ آنے والا کل اے این پی کا ہوگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک غلام مصطفی نے کہا کہ اے این پی حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں، لوگوں کی بے لوث خدمت کرتی رہے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ اسفند یارولی خان ، باچا خان بابا اور ولی خان بابا کے حقیقی وارث ہیں اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان نے اپنی زندگی میں اسفندیار ولی خان کو اپنا جان نشین مقرر کر دیا تھا۔ لہٰذا اس بحث میں اُلجھنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اے این پی اسفند یار ولی خان کی قیادت میں مکمل طور پر متحد ہے اور سازشی عناصر اس کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے اور انشاء اللہ تنطیم سازی مکمل ہونے کے بعد اے این پی ایک بھرپور قوت کے ساتھ اُبھر کر اُفق پر نمودار ہوگی۔

Facebook Comments