اضلاع بروقت ممبرسازی کا عمل مکمل کریں، سردارحسین بابک

اضلاع بروقت ممبرسازی کا عمل مکمل کریں، سردارحسین بابک
ضلعی الیکشن کمیشن کے ممبران ہر یونین کونسل کے دوروں کو یقینی بنائیں۔
اے این پی میں ہر چار سال بعد ممبرسازی اور تنظیم سازی کا عمل آئینی طریقے سے مکمل ہوتا ہے۔
پارٹی کارکن یونٹ سے لے کر اوپر کی سطح تک تنظیم سازی کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
خواتین اور اقلیتی برادری کی ممبرسازی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
ضلعی الیکشن کمیشنز کے ارکان سے باچا خان مرکز پشاور میں خطاب

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی الیکشن کمیشن کے چیئرمین سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ اضلاع بروقت ممبرسازی کے عمل کو مکمل کریں اور ہر یونین کونسل کے دوروں کو یقینی بنائیں۔ باچا خان مر کز پشاور میں ضلعی الیکشن کمیشن کے ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شفاف اور بروقت ممبرسازی کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے یونین کونسل کے ممبران اور کارکنوں سے قریبی رابطے میں رہیں تاکہ کوئی فرد ممبرسازی کے عمل سے محروم نہ رہ سکے۔ اس موقع پر ضلعی الیکشن کمیشن کے چیئرمینوں نے اپنے اپنے اضلاع کی کارگزاری رپورٹ پیش کی اور اپنے اپنے اضلاع میں ممبرسازی مہم کے حوالے سے صوبائی چیئرمین اور ممبران کو آگاہ کیا۔ سردارحسین بابک نے کہا کہ پارٹی میں ممبرسازی اور تنظیم سازی کا عمل ہر چار سال بعد آئینی طریقے سے مکمل ہوتا ہے اور کارکنان اپنے آزادانہ اور جمہوری طریقے سے وارڈز؍گاوں سے ہوکر اوپر کی سطح تک تنظیم سازی کا عمل مکمل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اے این پی ایک جمہوری پارٹی ہے اور جمہوری طریقے سے پارٹی کی نچلی سطح سے لے کر اوپر کی سطح تک اور تمام آئینی اداروں کا انتخاب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان ممبرسازی کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور پارٹی ممبران بنانے کیلئے گلی گلی، محلہ محلہ دعوت دیں۔ انہوں نے خواتین اور اقلیتی برادری کو زیادہ سے زیادہ پارٹی ممبر بنانے پر زور دیا۔ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمیشن کے تمام ممبران بھی موجود تھے۔

Facebook Comments